پیپلز ہاؤسنگ پروگرام، سیلاب متاثرہ خواتین میں گھروں کی دستاویزات تقسیم

خاتون اول اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے پیپلز ہاؤسنگ پروگرام کے تحت سیلاب متاثرہ خواتین میں گھروں کی ملکیتی دستاویزات تقسیم کر دیں۔
نواب شاہ میں پیپلز میڈیکل یونیورسٹی کے لطیف ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام، خاص طور پر دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا مشن بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے باعث فخر ہے کیونکہ جو دستاویزات خواتین کو دی جا رہی ہیں، وہ صرف کاغذی اسناد نہیں بلکہ ان کے اختیار، تحفظ اور عزت کی علامت ہیں۔ یہ اسناد خواتین کے نام پر ہیں اور یہ ایک تاریخی اقدام ہے، جو صرف پیپلز پارٹی نے ممکن بنایا۔
آصفہ بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی عوام دوستی اور انتھک محنت کا نتیجہ ہے، جو شہید ذوالفقار علی بھٹو کے اس وعدے کی عملی تعبیر ہے کہ ہر فرد کو زمین، پناہ اور وقار فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے اس موقع پر اسناد حاصل کرنے والی خواتین کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ قدم نہ صرف موجودہ نسل بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک محفوظ مستقبل کی بنیاد بنے گا۔
