پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت تسلیم کیا جائے، پشاورہائیکورٹ میں درخواست دائر

تحریک انصاف کو سیاسی جماعت ڈکلیئر کرنے کیلئےوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی گنڈاپور نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف کو باضابطہ طور پر سیاسی جماعت قرار دینے کے لیے پشاور ہائی کورٹ میں رِٹ پٹیشن دائر کر دی۔
یہ درخواست قاضی انور ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی، جس میں وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں الیکشن رولز 2017 کے رول نمبر 94(4) کو چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مذکورہ رول کے تحت اگر کسی جماعت کا انتخابی نشان نہ ہو تو وہ سیاسی جماعت تصور نہیں کی جاتی، جبکہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت انتخابی نشان سیاسی جماعت کی تعریف کے لیے لازمی شرط نہیں ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن رولز، 2017 میں دی گئی تعریف الیکشن ایکٹ سے متصادم ہے، اور آئینی طور پر کسی رول کو قانون پر فوقیت نہیں دی جا سکتی۔ اسی متنازعہ تشریح کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو آزاد قرار دیا۔
مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق پی ٹی آئی ایک تسلیم شدہ سیاسی جماعت ہے، اور سپریم کورٹ کے 13 رکنی بینچ نے بھی اپنے فیصلے میں اسے باقاعدہ سیاسی جماعت قرار دیا ہے۔ لہٰذا الیکشن کمیشن کے پاس یہ اختیار نہیں کہ وہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو آزاد امیدوار تصور کرے۔
