پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی عماد بٹ پر دوسال کی پابندی لگا کر خود مستعفی ہوگئے

پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف ) کے صدر طارق بگٹی نے عماد بٹ پر دو سال کی پابندی عائد کرنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران طارق بگٹی نے بتایا کہ انہوں نے استعفیٰ وزیر اعظم کو بھجوا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپتان عماد بٹ کو دو سال کے لیے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میچز کھیلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
طارق بگٹی نے آسٹریلیا میں پاکستان ہاکی ٹیم کے دورے کے دوران بد انتظامی کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے درخواست ہے کہ ایک کمیٹی بنائی جائے جو تحقیقات کرے اور پرولیگ میں بے نظمی کے ذمہ داران کو سزا دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی بروقت معاونت نہ ہونے کی وجہ سے ہوٹل بکنگ اور دیگر انتظامات میں مسائل پیش آئے، اور فیڈریشن کے پاس اتنے فنڈز نہیں تھے کہ سب کچھ خود منظم کیا جا سکے۔
صدر پی ایچ ایف نے مزید کہا کہ ٹیم کا شیڈول رانا مجاہد نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے سامنے رکھا ہے اور کوالیفائی راؤنڈ میں ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عالمی رینکنگ 18 ویں سے 13 ویں پوزیشن تک پہنچ گئی ہے، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ طارق بگٹی نے فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نے ہاکی کے لیے 25 کروڑ روپے فراہم کیے۔
دوسری جانب وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے انکوائری مکمل کر لی ہے اور تین رکنی کمیٹی کی رپورٹ وزیر اعظم آفس کو بھیج دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں مالی امور اور انتظامی کوتاہیوں کا ذکر ہے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کو قصور وار قرار دیا گیا ہے۔
