پی آئی اے کی نجکاری 2025 کی آخری سہ ماہی سے قبل مکمل ہونے کا امکان

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں نجکاری کمیشن کے سیکرٹری عثمان باجوہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری 2025 کی آخری سہ ماہی سے قبل مکمل ہوجائے۔

ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار کی صدارت میں ہونے والے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس کو نجکاری کمیشن کے سیکرٹری عثمان باجوہ نے بریفنگ دی۔

نجکاری کمیشن کے سیکرٹری عثمان باجوہ نے بتایاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری 2025 کی آخری سہ ماہی سے قبل مکمل ہوجائے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ جب تک سرمایہ کار مکمل طور پر مطمئن نہ ہوں، کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جائےگا۔

عثمان باجوہ کے مطابق کامیاب بولی دہندہ کو پی آئی اے کے بیڑے کو موجودہ 19 طیاروں سے بڑھا کر کم از کم 45 طیاروں تک توسیع دینا ہوگی۔

کمیٹی کے چیئرمین اور اراکین نے ملازمین کی ملازمتوں کے تحفظ پر زور دیتےہوئے مطالبہ کیاکہ نئی انتظامیہ 3 سے 5 سال تک ملازمت کی ضمانت دے۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کی فلاح کو ترجیح دی جائے۔

اس موقع پر سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے قائمہ کمیٹی ارکان کو یقین دہانی کرائی کہ نجکاری کے معاہدے میں ملازمین کے تحفظ کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایئر لائن کے عملے کی تعداد پہلے ہی 11 ہزار سے کم کرکے 6 ہزار کردی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں کے ارکان کا حلف : اجلاس نہ بلانے پر الیکشن کمیشن کا وزیراعلیٰ کو خط

عثمان باجوہ نے بتایا کہ پاکستان کے معروف کاروباری گروپوں نے ایئر لائن میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، جن کے پاس آپریشنز کو بہتر بنانے کےلیے مطلوبہ سرمایہ موجود ہے، جب کہ علاقائی ایئر لائنز کو بھی بولی میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔

Back to top button