پمز اسپتال کی انتظامیہ نے عمران خان کے معائنے کی تصدیق کر دی

پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دائیں آنکھ کے طبی معائنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل عمران خان نے دائیں آنکھ کی بینائی کم ہونے کی شکایت کی تھی۔ اس شکایت پر پمز کے سینئر ماہرِ امراضِ چشم نے ان کا معائنہ کیا۔
ڈاکٹر عمران سکندر کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات عمران خان کو تجویز کردہ علاج کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔ مریض کو بیماری اور علاج کی نوعیت سے مکمل طور پر آگاہ کیا گیا اور علاج سے قبل تحریری اجازت بھی لی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ علاج آپریشن تھیٹر میں مسلسل نگرانی کے ساتھ کیا گیا، جو تقریباً 20 منٹ میں کامیابی سے مکمل ہوا۔ علاج کے دوران عمران خان کی تمام وائٹل علامات معمول کے مطابق رہیں۔
ڈاکٹر کے مطابق دائیں آنکھ کی رگوں میں دباؤ کے باعث بینائی متاثر ہوئی تھی۔ علاج کے بعد مریض کو ضروری ہدایات، فالو اپ پلان اور دستاویزات فراہم کر کے ڈسچارج کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ ماہرینِ چشم کے مشورے پر عمران خان کو پمز اسپتال لے جایا گیا تھا اور مختصر طبی پروسیجر کے بعد انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بیان کہ عمران خان مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف نے عمران خان کی اسپتال منتقلی پر تحفظات کا اظہار کیا۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور انہیں ہفتے کی شام خفیہ طور پر جیل سے پمز اسپتال لے جا کر آنکھ کی سرجری کی گئی۔
