لاہور:جہازسے پرندہ ٹکرا گیا،اداکارقیصرنظامانی

لاہور سے کراچی جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز 19 جولائی کو ممکنہ حادثے سے بال بال بچ گئی۔ پرواز میں موجود سینئر اداکار قیصر نظامانی نے واقعے کی تصدیق اپنی انسٹاگرام پوسٹ اور ویڈیو پیغام کے ذریعے کی ہے۔
قیصر نظامانی کے مطابق، پرواز نے جیسے ہی ٹیک آف کرنا چاہا، پائلٹ نے چند سیکنڈز قبل ہنگامی بریک لگا کر طیارے کو روک لیا۔ اداکار کے مطابق، پائلٹ کی حاضر دماغی نے سیکڑوں جانیں بچا لیں۔
اداکار نے بتایا کہ بعد ازاں حکام نے آگاہ کیا کہ رن وے پر ایک پرندہ جہاز سے ٹکرا گیا تھا، جس کے باعث پائلٹ کو فوری ردِعمل دینا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بریک نہ لگائی جاتی تو طیارہ کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا تھا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں قیصر نظامانی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کو گوشت یا دانہ ڈالنے سے گریز کریں، کیونکہ اس عمل سے طیاروں کی پرواز کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
جنوبی وزیرستان: موبائل پٹرولنگ ٹیم پر حملہ ، سب انسپکٹر سمیت 4 اہلکار اغوا
انہوں نے کہا "جو لوگ پرندوں کو خوراک ڈالتے ہیں، وہ درحقیقت انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہم ایک بڑے حادثے سے بچ گئے۔”
قیصر نظامانی نے قومی ایوی ایشن نظام پر بھی تنقید کی اور بتایا کہ وہ صبح 8 بجے سے لاہور ایئرپورٹ پر موجود ہیں اور اب شام 6 بج چکے ہیں، لیکن ابھی تک انہیں یہ معلوم نہیں کہ پرواز کب روانہ ہوگی۔
"اتنا طویل انتظار شاید کسی انٹرنیشنل ٹرمینل پر بھی نہ کرنا پڑے، جتنا یہاں ہو رہا ہے،” انہوں نے شکوہ کیا۔
