وزیراعظم کا شمالی وزیرستان میں امن کیلئے گرینڈ جرگہ بلانے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دیرپا امن کیلئے عمائدین کا جلد گرینڈ جرگہ بلانے کا اعلان کیا ہے، تاکہ موجودہ صورتحال کا کوئی حل نکالا جا سکے، وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے دورے کے موقع پر قبائلی عمائدین سے خطاب کیا، شمالی وزیرستان پہنچنے پر سینئر سول و ملٹری حکام اور علاقے کے عمائدین نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
حکام کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیراعظم کو علاقے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی، جرگے سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے لوگوں نے مصائب برداشت کیے اور مادر وطن کیلئے بے مثال قربانیاں دیں، حکومت ان کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کریگی۔
وزیراعظم نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ثمرات کے طور پر مقامی آبادی کو سکون کی فراہمی اور سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریگی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے میرانشاہ پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے استقبال کیا، اس موقع پر وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع میں لازوال قربانیاں دینے والے دھرتی کے بہادر بیٹوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
وزیر اعظم کی اخترمینگل کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی
شہباز شریف نے دہشت گردی کی کمر توڑنے میں کامیابی پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، ابھی زیادہ عرصہ نہیں گزرا جب دہشت گرد ملک بھر میں معصوم مردوں، عورتوں اور بچوں، تعلیمی اداروں اور ریاستی انفرااسٹرکچر کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہے تھے۔