وزیر اعظم کی موٹر سائیکل، رکشہ مالکان کو رجسٹریشن کیلئے سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن کیلئے سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ملک میں خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ بچت مہم میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دفاتر و کام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کے لیے مناسب مقدار دستیاب ہے اور عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں ممکنہ حد تک عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔

تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپے بچت اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتیوں کے ذریعے مختص کیے تاکہ عالمی کشیدگی کے اثرات سے عوام محفوظ رہیں۔

موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کو سبسڈی پر پیٹرول فراہمی کا فیصلہ

اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ صوبائی حکومتیں موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن اپنے نام پر کروانے میں سہولت فراہم کریں، جس سے ملک بھر میں موٹر سائیکل اور رکشوں کا ڈیجیٹائزڈ ڈیٹا دستیاب ہوگا اور مالکان مستقبل میں حکومتی ریلیف سے مستفید ہو سکیں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور سپلائی چین کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ تیار کیا گیا ہے، اور اپریل کے لیے پیٹرول کی درآمد کا انتظام مکمل ہے۔ دیگر ممالک کے برعکس پاکستان میں ایندھن کی فراہمی معمول کے مطابق ہے اور کہیں بھی لمبی قطاریں یا بدانتظامی نہیں۔

Back to top button