وزیر اعظم کا صنعتوں کیلئے بجلی4.4 روپےسستی کرنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کیلئے بجلی 4 روپے 4 پیسے سستی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ اس کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

اسلام آباد میں نامور ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ سیاسی و عسکری تعاون سے ملکی ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں،پوری قوم نے قربانی دی ، غریب نے مشکلات کا سامنا کیا، ہمیں اب گروتھ کی طرف جانا ہے، کاروباری برادری کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستان نے سفارتی اور دفاعی محاذ پر کامیابیاں سمیٹیں، معرکہ حق میں فتح کے بعد پاکستان کا دنیا میں منفرد مقام بن چکا ہے۔

انہوں نےکہا کہ فتح کے بعد عالمی دوروں کے دوران رویے تبدیل ہوتے دیکھے ہیں، دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے۔ایوارڈ یافتہ کاروباری افراد کو بلیو پاسپورٹ دیں گے۔

پاکستانی اراکین پارلیمنٹ آن لائن فراڈیوں کے نشانے پر کیسے آئے؟

وزیراعظم نے صنعتوں کے لیے بجلی 4 روپے 4 پیسے فی یونٹ کم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کے بعد مختلف ممالک کے سربراہان مجھ سےآکر ملے ، معرکہ حق کے بعد دنیا اب آپ کی بات مان رہی ہے، سرمایہ کاری کے لیے رابطے کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری شفاف انداز میں ہوتے ہوئے سب نے دیکھی، شفافیت کے عمل کو یقینی بنا کر نجکاری ہوگی، ہم اصلاحات لا رہےہیں اور اربوں کے اخراجات کم کر رہے ہیں۔براہ راست ٹیکسز کل نہیں آج کم ہونے چاہئیں، ان ڈائریکٹ ٹیکس آپ کو صارفین سے لے لینا ہے اور آگےجمع کرانا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ہماری توجہ کا مرکز ہے، ڈیجیٹل شعبے میں بھی نمایاں اقدامات کیے جارہےہیں، پی آئی اے کی ترقی کے لیے حکومت بھرپور تعاون کرے گی ، پی آئی اے بہت جلد دوبارہ سے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا فیلڈ مارشل کے خصوصی تعاون سے بہت سے معلامات کو حل کیا، پاکستان اتنا مضبوط ہوگا کہ بھارت کو غشی کے دورے پڑیں گے۔

Back to top button