وزیر اعظم نے سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین فیول کے استعمال پر پابندی عائد کر دی

وزیر اعظم شہباز شریف نے سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین فیول کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہے۔ یہ فیصلہ ہائی اوکٹین فیول پر پیٹرولیم لیوی میں اضافے کے پس منظر میں کیا گیا۔
وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سرکاری خرچ پر ہائی اوکٹین کے استعمال پر سخت پابندی ہوگی، اور اگر کسی محکمے میں اس کا استعمال ناگزیر ہو تو متعلقہ افسر کو اپنی ذاتی لاگت پر یہ ایندھن حاصل کرنا ہوگا۔ تمام وفاقی محکموں، اتھارٹیز اور ذیلی اداروں کو فوری طور پر اس فیصلے پر عمل درآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد قومی وسائل کے مؤثر، شفاف اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کٹوتی کی گئی اور 60 فیصد گاڑیاں گراؤنڈ کر دی گئی ہیں، اور اس بچت کو عوام کو ریلیف اور سستا تیل فراہم کرنے پر استعمال کیا جائے گا۔
ہائی آکٹین فیول پر فی لیٹر 200 روپے اضافی لیوی عائد
وزیراعظم نے کہا کہ کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عمل اور غیر ضروری اخراجات میں کمی وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ حکومتی اخراجات کم ہوں اور عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا بہتر استعمال ممکن ہو۔
مزید ہدایت کی گئی کہ متعلقہ حکام فیصلے کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام وضع کریں، اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
