پیپلز پارٹی نے پنجاب حکومت میں شامل ہونے کا عندیہ دے دیا

پیلپلز پارٹی نے نون لیگ کی پنجاب حکومت میں شامل ہونے کا عندیہ دے دیا۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور قائمقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں مناسب شیئر دینے کی پیشکش کی تو پیپلزپارٹی صوبائی حکومت میں شامل ہوسکتی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی غیر موجودگی میں قائم مقام صدر کے فرائض سرانجام دینے والے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ میں مناسب حصہ ملا تو پیپلزپارٹی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کابینہ میں شامل ہونے پر غور کرسکتی ہے۔یوسف رضا گیلانی نے پنجاب اسمبلی سے حال ہی میں پاس ہونے والے ہتک عزت بل 2024 کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میری اس حوالے سے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے تفصیلی بات چیت ہوئی، پارٹی قیادت چاہتی ہے کہ یہ قانون نافذ ہونے سے پہلے صحافیوں کے تحفظات دور ہونے چاہیں۔
سندھ ہائی کورٹ نے عدالتی رپورٹنگ کی اجازت دے دی
قبل ازیں اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک میں سیاسی استحکام چاہتی ہے، کیوں کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں ہوسکتی۔
اس دوران ان کے صاحبزادے اور پیپلز پارٹی کے قانون ساز علی قاسم گیلانی، علی قادر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی اور سید حیدر گیلانی اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
