ہسپتالوں میں ادویات کی قلت،تحقیقات پولیس کرے گی

لاہور پولیس کی اسپیشل برانچ نے شہر کے اسپتالوں میں ادویات کی قلت سے متعلق تحقیقات شروع کردیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے بڑے اسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی اور سہولتوں کے فقدان پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس کی اسپیشل برانچ کو ادویات کی انسپکشن کا ٹاسک سونپ دیا۔سپیشل برانچ نے اسپتالوں سے ادویات اور سہولتوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کرنا شروع کردیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیشل برانچ کے متحرک ہونے کے بعد اسپتالوں کی انتظامیہ پریشان ہے اور ریکارڈ کی درستی کا عمل شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق اسپیشل برانچ کا عملہ پروفیسرز اور سینیئر ڈاکٹرز کی حاضری کا ریکارڈ بھی اکٹھا کررہا ہے ،مریضوں اور لواحقین سے بھی تفصیلات طلب کی جا رہی ہیں۔