خیبرپختونخوا،گلگت میں پولیو مہم کاآغاز14جولائی کوہوگا

خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں 14 جولائی سے انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو 18 جولائی تک جاری رہے گی۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹرکے مطابق پولیو مہم کا دائرہ کار خیبرپختونخوا کے تین اضلاع — کوہستان اپر، کوہستان لوئر اور کولائی پالس تک پھیلایا گیا ہے، جہاں مجموعی طور پر ایک لاکھ 58 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ای او سی کا کہنا ہے کہ اس مہم میں ہائی رسک یونین کونسلز پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت ٹیموں کو متحرک کیا گیا ہے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ ہر مہم میں اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں۔
ادارے کا مزید کہنا ہے کہ صرف پولیو ہی نہیں بلکہ دیگر خطرناک بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات بھی مکمل کروانا نہایت ضروری ہے۔ پولیو ویکسین بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
نیشنل ای او سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔
