الیکشن چوری کے بعد سیاسی ،معاشی استحکام نہیں آئے گا،شاہد خاقان
سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کےرہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جہاں الیکشن چوری ہوگا وہاں سیاسی اور معاشی استحکام نہیں آئے گا، ہمیں آئین پاکستان پر عمل کرنا ہوگا۔
لاہور میں جاری دو روزہ افکاری تازہ میلہ اختتام پذیر ہوگیا، میلے میں کینیڈین ہائی کمیشن کی جانب سے سجایا گیا خصوصی اسٹال سب کی توجہ کا مرکز رہا۔
الحمرا لاہور میں دو روزہ افکارمیں پاکستان سمیت دنیا بھر کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالنے کے لیے مختلف موضوعات پر بحث ومباحثے کا انعقاد کیا گیا۔
میلے کے آخری روز منعقدہ سیشن سے خطاب کرتےہوئے عوام پاکستان پارٹی کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمارا سیاست دان ملک کا بادشاہ بننا چاہتا ہے جب کہ بانی پی ٹی آئی شہرت ان کی اپنی وجہ سے نہیں بلکہ باقی سیاسی جماعتوں کے ناکامی کے باعث ہے۔
شاہد خاقان نے کہا کہ عمران خان نے ووٹ کو عزت دو کی بات کی، آج وہ آئین کی بات کرتا ہے اور لوگ ان کے ساتھ ہیں جب کہ بانی پی ٹی آئی جیل کے اندر ہوں یا باہر، یہ حکومت چلنے والی نہیں کیوں کہ حکومت میں کوئی مینڈیٹ نہیں اس لیے وہ نہیں چل سکتی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس لیے ان باتوں کوچھوڑیں اور اپنےمسائل پر توجہ دیں کیوں کہ مسائل اتنے بڑے ہیں اگر آپ عمران خان، نواز شریف یا زرداری کو ہر چیز دے دیں یہ کام نہیں کرسکتے اور یہی آج ملک کی حقیقت ہے۔
تقریب کے دوران 26ویں آئینی ترمیم کےملک پر اثرات کےحوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرین قانون اور تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اس سے شہری آزادی ختم ہوچکی ہے معاشرے میں ہونے والے ظلم کے خلاف عوام کو کھڑا ہونا پڑے گا۔