مخصوص نشستوں پر اراکین کی حلف برداری : کورم پورا نا ہونےپر اجلاس 24 جولائی تک ملتوی

خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے بلایا گیا اجلاس دو گھنٹے سے زائد تاخیر کے بعد شروع ہوا لیکن اپوزیشن کے احتجاج اور کورم کی نشاندہی کے باعث کچھ ہی دیر بعد ملتوی کر دیا گیا۔

سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت اجلاس شروع ہوتے ہی اپوزیشن اراکین کی جانب سے شدید نعرے بازی اور احتجاج کیا گیا، خواتین اراکین بھی احتجاج میں پیش پیش رہیں۔

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا "ایسا کب تک چلے گا؟ ایک سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے لیکن مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف نہیں لیا جا رہا۔ اگر اسپیکر حلف نہیں لیں گے تو ہم چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔”

اجلاس کے آغاز میں ہی پی ٹی آئی کے رکن شیر علی آفریدی نے کورم کی نشاندہی کی، جس پر ایوان میں گھنٹیاں بجائی گئیں تاکہ اراکین کو طلب کیا جا سکے، تاہم حکومتی اراکین ایوان میں نہ پہنچے۔

اس صورتحال پرسپیکر اسمبلی اجلاس چھوڑ کر روانہ ہو گئے اور اجلاس کو 24 جولائی تک ملتوی کر دیا گیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں سپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا "جب اجلاس ہوگا تو حلف برداری بھی ہوگی، ایوان میں جانے کے بعد ہی کورم کا اندازہ ہوتا ہے۔”
حلف برداری کے ممکنہ وقت سے متعلق سوال پر اسپیکر نے مسکراتے ہوئے کہا "کبھی نہ کبھی تو ہو گی۔”

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا اور ارکان کو اسمبلی ہال نہ جانے کی ہدایت جاری کی گئی۔

Back to top button