پیپلز پارٹی کا ڈی جی آئی ایس آئی کو خط

آصفہ بھٹو کے ڈرون کیمرے سے زخمی ہونے کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل ندیم انجم کو خط لکھ دیا. سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو کچھ دن پہلے ایک عوامی ریلی میں شریک تھیں جہاں وہ ڈرون کمیرہ ٹکرانے سے زخمی ہو گئی تھیں. بلاول بھٹو زرداری نے ہمشیرہ آصفہ بھٹو کے ڈرون کیمرہ سے زخمی ہونے کے واقعے کو اپنے لیے پیغام قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا.
اس ضمن میں پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے پاک فوج کے خفیہ ادارے کے سربراہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل ندیم انجم کو ایک خط لکھا ہے جس میں واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے. میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نئیر بخاری کی جانب سے آئی ایس آئی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 27 فروری کو لانگ مارچ کا آغاز کیا۔ 4 مارچ کو عوامی مارچ جب خانیوال پہنچا تو ایک ڈرون نے ٹرک کی طرف آکر آصفہ بھٹو کو نشانہ بنایا۔
5 سال کے لیے مائنس پی ٹی آئی نیشنل گورنمنٹ کی تجویز
خط میں لکھا گیا کہ ڈرون کیمرا لگنے کا معاملہ خانیوال پولیس سٹیشن میں بھی رپورٹ کیا گیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے، جبکہ یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ فوجی خفیہ ادارہ صاف شفاف تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے. واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئی ایس آئی سمیت خفیہ اداروں سے واقعے کی تحقیقات کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری ہمشیرہ آصفہ بھٹو سے ڈرون کمیرے کا ٹکرانا ہمارے لیے ایک پیغام تھا۔
