پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا میں گورنرراج کے حق میں نہیں،بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنا ان کی یا پارٹی کی خواہش نہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ تحریک انصاف کو اپنا رویہ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز میں سیاسی مداخلت سنگین مسائل پیدا کر سکتی ہے، اگر کوئی سیاسی جماعت دہشتگردوں کی معاون بن گئی تو گورنر راج کا نفاذ ناگزیر ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر قانون ڈاکٹر عقیل ملک نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت صوبے میں سیکیورٹی صورتحال اور انتظامی مسائل کے پیش نظر گورنر راج کے نفاذ پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جنگی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کے سندھ سے انتخابات لڑنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ تمام جماعتیں صوبے میں انتخابات میں حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان سے خطرات حقیقی ہیں اور وہاں سے دہشتگرد پاکستان میں حملے کر رہے ہیں۔ یہ سنگین خطرہ ہے اور ہماری مسلح افواج اس چیلنج کا مقابلہ کر رہی ہیں۔
بلاول بھٹو نے سیاسی قوتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جو اداروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں اور کہا کہ تمام جماعتیں سیاست کو حدود میں رکھیں۔
