وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف پیپلز پارٹی کی تحریک عدم اعتماد تیار

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے لیے پیپلز پارٹی دوبارہ سرگرم ہو گئی ہے اور اس بار فوری طور پر قرارداد جمع کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اپنے تمام اراکین اسمبلی کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر مظفرآباد پہنچ جائیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد کی قرارداد پر اراکین کے دستخط مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ قرارداد میں نئے قائدِ ایوان کا نام آخری وقت میں شامل کیا جائے گا۔

ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے اپنے اسٹاف سے الوداعی ملاقاتیں شروع کر دی ہیں۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین کو ممکنہ طور پر وزارتِ عظمیٰ کے لیے پسندیدہ امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ن) بھی اس عدم اعتماد کی تحریک میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی، اور قرارداد آج ہی جمع کرائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جاری آئینی ترمیم کے باعث یہ تحریک کچھ دن تاخیر کا شکار ہوئی تھی۔

عدم اعتماد کی تحریک کی کامیابی کے لیے 27 ووٹ درکار ہیں، تاہم پیپلز پارٹی کا دعویٰ ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی میں انہیں 36 سے زائد اراکین کی حمایت حاصل ہے۔

Back to top button