پاکستان اور UAE کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس معاہدہ

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ’پری امیگریشن کلیئرنس‘ کے باضابطہ معاہدے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے یو اے ای کے ڈی جی کسٹمز و پورٹ سکیورٹی احمد بن لاحج الفلاسی کی قیادت میں آنے والے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاک۔یو اے ای تعلقات، باہمی تعاون اور امیگریشن کے عمل کو مزید سہل بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق ہوا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس کا باضابطہ معاہدہ کیا جائے گا۔ اس نئے نظام کا آغاز ابتدائی طور پر پائلٹ بنیادوں پر کیا جائے گا، جس کا پہلا مرحلہ کراچی سے شروع ہوگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت مسافروں کی امیگریشن اور کلیئرنس پاکستان میں ہی مکمل ہو جائے گی، جس کے بعد انہیں یو اے ای پہنچنے پر طویل امیگریشن کارروائی سے نہیں گزرنا پڑے گا۔ ان کے مطابق مسافر ڈومیسٹک مسافروں کی طرح براہ راست ایئرپورٹ سے باہر جا سکیں گے، جس سے سفر میں سہولت، وقت کی بچت اور مجموعی سفری تجربہ بہتر ہوگا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پائلٹ منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے دونوں ممالک کے حکام رابطے میں رہیں گے، جبکہ منصوبے کی کامیابی کے بعد اس نظام کو مرحلہ وار دیگر مقامات تک توسیع دی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق یو اے ای کے وفد نے اس اقدام کو عوام کے لیے مفید قرار دیتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
