بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں جاری

صوبائی حکومت کی جانب سے الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست کے باوجود الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں انتخابات کی تیاریاں جاری کر رکھی ہیں، سیکریٹری عمران گچکی کی جانب سے ای سی پی کو خط کے ذریعے 15 جولائی کے بعد بلدیاتی انتخابات کرانے کی درخواست کی گئی تھی۔

تاہم صوبائی الیکشن کمیشن نے ضلعی حکام کو 15 سے 18 اپریل تک کاغذات نامزدگی وصول کرنے کی ہدایت کردی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کی اور صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اپنی حکومت کا نقطہ نظر ان سے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس 15 جولائی تک بلدیاتی انتخابات ملتوی کروانے کی ٹھوس وجوہات ہیں۔

وزیراعلیٰ نے چیف الیکشن کمشنر کو کہا کہ بلوچستان میں بلدیاتی حکومت کے انتخابات ایک مرحلے میں ہونے چاہیں، بلوچستان اسمبلی پہلے ہی بلدیاتی انتخابات چھ ماہ کے لیے ملتوی کرنے کی قرارداد منظور کر چکی ہے، اے این پی نے بلدیاتی انتخابات چھ ماہ کے لیے ملتوی کرنے کے لیے بلوچستان ہائیکورٹ (بی ایچ سی) میں درخواست بھی دائر کی۔

چیف جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس روزی خان بڑیچ پر مشتمل بی ایچ سی بینچ نے گزشتہ روز درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ای سی پی اور بلوچستان حکومت کو نوٹس جاری کر دیا، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ منیر احمد خان کاکڑ عدالت میں پیش ہوئے تھے، تاہم ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت (آج) بدھ تک ملتوی کر دی تھی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تمام ریٹرننگ افسران نے کاغذات نامزدگی 15 سے 18 اپریل تک جمع کروانے کے لیے پبلک نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

نامزد امیدواروں کی فہرستیں 19 اپریل کو جاری کردی جائیں گی اور 20 سے 22 اپریل تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ 23 سے 26 اپریل تک ریٹرننگ افسران کے فیصلوں پر اعتراضات کی درخواست دائر کی جاسکتی ہے، ریٹرننگ افسران 27 سے 30 اپریل تک اپیلوں پر فیصلہ کریں گے جبکہ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرستیں یکم مئی کو جاری کی جائیں گی۔

معاشی مشکلات پر قابو پانے کیلئے مشاورتی کونسل تشکیل

کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے امیدوار 2 مئی تک دستبردار ہو سکتے ہیں جبکہ انہیں 7 مئی کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔کوئٹہ اور لسبیلہ کے علاوہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی پولنگ 29 مئی کو کی جائے گی۔

Back to top button