افغانستان میں دہشتگردوں کی موجودگی خطے کی سلامتی کیلئےخطرہ ہے،پاکستان

ترجمان  دفتر خارجہ  نے کہا ہےکہ افغانستان میں دہشتگرد عناصر کی موجودگی خطے کی امن و سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہے۔۔

اسلام آبادمیں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ پاکستان کے مؤقف کی واضح تائید کرتی ہے، دوسری جانب سے جنگ بندی کی پاسداری نہیں کی گئی، سرحد پار سے حملے جاری ہیں، جنگ بندی برقرار نہیں رہی۔

ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں دہشتگرد عناصر کی موجودگی کے ٹھوس شواہد موجود ہیں،  دہشتگردوں کو افغان سرزمین پر معاونت ملنے کے قابلِ اعتماد شواہد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشتگردعناصر کی حمایت سےمتعلق انسانی اوردیگر انٹیلیجنس معلومات حاصل ہیں، دہشتگردوں کی تعداد، نام اورمالی معاونت سے متعلق معتبر رپورٹس موجود ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی چینلز فعال ہیں، دونوں ممالک کے سفیر اپنے اپنے دارالحکومتوں میں موجود ہیں، دوطرفہ معاملات سفارتی ذرائع سے زیرِ بحث آتے رہتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں مسلسل سفارتی رابطوں کی حمایت کرتا رہے گا، افغانستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کو روایتی سیزفائر نہ سمجھا جائے، جنگ بندی کا مقصد افغانستان سے پاکستان میں دہشت گرد حملے روکنا تھا، افغان سرزمین سے ہونے والے دہشت گرد حملے فائرنگ کے مترادف ہیں۔

Back to top button