صدر ممکت اور وزیر اعظم کی یوم پاکستان کی 86 ویں سالگرہ کی مبارکباد

یوم پاکستان کی 86 ویں سالگرہ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو دلی مبارکباد پیش کی اور قومی اتحاد، استحکام اور عزم کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ 1940 وہ تاریخی دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے قراردادِ پاکستان منظور کی اور ایک آزاد وطن کا تصور پیش کیا، جہاں اسلامی اقدار کے مطابق زندگی گزاری جا سکے۔ انہوں نے بزرگوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے باہمی تعاون اور محنت کے ذریعے قیام پاکستان کے وقت درپیش چیلنجز پر قابو پایا۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان نے مضبوط ریاستی ادارے قائم کیے، دفاعی صلاحیت کو ناقابلِ تسخیر بنایا اور جوہری قوت حاصل کی۔ انہوں نے قومی ہیروز، شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کیا اور بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف طویل اور کامیاب جنگ لڑی گئی جبکہ قدرتی آفات کے دوران قوم نے یکجہتی کی مثالیں قائم کیں۔
86 ویں یوم پاکستان پر مسلح افواج کی قوم کو مبارک باد
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ پاکستان ایک تاریخی دن ہے جب مسلم قیادت نے متحد ہو کر آزاد وطن کے قیام کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے علامہ اقبال کے تصور کو ایسے وطن کے قیام کی بنیاد قرار دیا جہاں مسلمانوں کے آئینی اور سیاسی حقوق محفوظ ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا سفر ایک نوزائیدہ ریاست سے جوہری طاقت تک ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے حکومت کی کوششوں، معیشت کی ترقی، افراطِ زر میں کمی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے حب الوطنی کے جذبے کے تحت ملکی آزادی اور خودمختاری کا دفاع کر رہے ہیں اور افواجِ پاکستان نے دشمن کے عزائم ناکام بنا کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا ہے۔
صدر اور وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ قومی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال ملک بنایا جائے گا۔
