صدرمملکت نےسندھ حکومت کی کارکردگی پراعتماد کااظہار کردیا

صدرمملکت آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی قیادت میں سندھ حکومت کی کارکردگی پراعتماد کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے خدمت کاسلسلہ جاری رکھے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ۔جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپورنے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو سمیت تمام اراکین کابینہ اور پی پی پی اراکین سندھ اسمبلی نے شرکت کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔اس وقت جنگ کے حالات ہیں، ہمیں متحد رہنے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نےوزیراعلی سندھ اور ان کی کابینہ پر اعتماد کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ آپ اور آپ کی ٹیم بہت اچھا کام کررہی ہے۔اپنے اچھے کاموں کے تسلسل کو جاری رکھیں ۔مشکل حالات میں بھی عوام کو جتنا ممکن ہوسکے، ریلیف دیا جائے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ اس وقت دنیا میں جنگ کے حالات ہیں، ان حالات میں تمام سیاست دانوں کو ایک پیج پر ہونا چاہئیے۔میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی کارکردگی سے خوش ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مسائل کے باوجود سندھ کے وزیراعلی جس انداز میں صوبے کا مقدمہ لڑتے ہیں، وہ قابل تعریف ہے۔ ہم آگ لگانے والے نہیں بلکہ آگ بجھانے والوں میں سے ہیں، سانحے کا مقابلہ کرنے والوں پر تنقید ناقابل فہم ہے۔میئر مرتضی وہاب اس لئے ناقابل برداشت ہیں کیونکہ کچھ لوگ سندھ کے دارالحکومت میں جیالا میئر نہیں چاہتے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ میں میئر مرتضی وہاب کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، جلد کراچی میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع ہوگا۔سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن پروپیگنڈے کا جواب اپنی کارکردگی سے دے گی۔
