یو اے ای صدر کی وزیر اعظم سے ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہبازشریف سے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہونے والی ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
اعلامیے کے مطابق شیخ محمد بن زاید النہیان کا بطور صدر متحدہ عرب امارات پاکستان کا یہ پہلا دورہ تھا،امارات کے صدر کا استقبال وزیر اعظم شہباز شریف ، وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کیا، شیخ محمد بن زاید النہیان کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کےحکام کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی تھا۔
ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر نے مختلف شعبوں میں روابط مزید بڑھانے کے امکانات اور سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر غور کیا۔دونوں ممالک میں شراکت داری مزید مستحکم کرنے پر گفتگو کی۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کی قیادت نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہارکیا،ملاقات میں جاری تعاون کے مختلف شعبوں میں ہونےوالی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی سطح کی اہم صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا،دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ جاری رکھنے کے عزم کی توثیق کی اور دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے امن،استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کےلیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم آفس کےمطابق صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زایدالنہیان پاکستان کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئے۔
