اسلاموفوبیا کے تدارک کا عالمی دن: صدر پاکستان کا عالمی برادری سے اقدام کا مطالبہ

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت اور تعصب کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسلام امن، ہمدردی اور انصاف کا درس دیتا ہے، جبکہ اسے انتہا پسندی سے جوڑنا دراصل لاعلمی اور غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔

صدر مملکت نے زور دیا کہ عالمی برادری نفرت انگیز جرائم کے خلاف قانونی تحفظ کو مزید مضبوط بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اظہارِ رائے کی آزادی کو نفرت اور تعصب پھیلانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مذہبی تنوع کے احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ کرائسٹ چرچ سانحہ انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ تھا۔ ان کے مطابق پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی فورمز پر مسلسل آواز اٹھاتا رہا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی مختلف ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم مسلمانوں کے خلاف تعصب ان کی سلامتی اور تحفظ کو متاثر کرتا ہے۔

ڈرون حملے : افغان حکومت نے سرخ لکیر پار کردی ہے ، صدر مملکت

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک آزاد نیشنل کمیشن قائم کیا جا رہا ہے۔

آخر میں انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ تعصب کے خاتمے اور مکالمے کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں، جبکہ مذہبی عقائد کے احترام اور مساوی قانونی تحفظ کو یقینی بنانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

Back to top button