صدرمملکت پرنس کریم آغا خان کے انتقال پرتعزیت کیلئے پرتگال روانہ

صدر مملکت آصف زرداری پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر تعزیت کیلئے پرتگال روانہ ہوگئے۔

صدرمملکت آصف زرداری پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں  پرنس کریم آغا خان کے صاحبزادے اور  اسماعیلی کمیونٹی کے 50 ویں امام پرنس رحیم آغا خان سے ملاقات کریں گے۔

صدرمملکت پرتگال کےصدر مارسیلوریبیلو ڈی سوسا سےبھی ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روزپرتگال کےشہرلزبن میں اسماعیلی مسلم کمیونٹی کے امام پرنس کریم آغا خان کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔پرنس کریم آغا خان کی تدفین آج مصر کےشہر اسوان میں کی جائےگی۔

پاکستانی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نےپرنس کریم آغا خان کی نماز جنازہ میں خصوصی شرکت کی۔

  وزیر خزانہ نے اسماعیلی کمیونٹی کے50 ویں امام پرنس رحیم آغا خان سےبھی ملاقات کی اور صدر، وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سےاظہار تعزیت کیا۔

پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر کل پاکستان میں یومِ سوگ منایاگیا، ملک میں اور بیرونِ ملک پاکستانی سفارتخانوں میں قومی پرچم سرنگوں رہا۔

خیال رہےکہ پرنس کریم آغاخان88 برس کی عمر میں4 فروری کو انتقال کرگئے تھے، پرنس کریم آغا خان کا انتقال پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا۔

پرنس کریم آغا خان1936 میں پیداہوئے، پرنس کریم آغا خان کے3 بیٹے رحیم آغاخان، علی محمد آغا خان اور حسین آغا خان اور ایک بیٹی زہر ا آغا خان ہیں۔

پرنس کریم سوئٹزرلینڈ میں پیدا ہوئے، نیروبی میں بچپن گزارا،ہارورڈ سےاسلامی تاریخ میں ڈگری لی۔پرنس کریم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے49 ویں امام تھے، پرنس کریم آغا خان نے20 سال کی عمرمیں1957 میں امامت سنبھالی تھی۔

پرنس کریم آغا خان نےآغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کےذریعے دنیا کے مختلف خطوں میں فلاحی اقدامات کیے،انہیں مختلف ممالک اوریونیورسٹیوں کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزازات اوراعزازی ڈگریوں سے نوازا گیا۔

پرنس کریم نے پاکستان کی ترقی کیلئےبھی مثالی خدمات انجام دیں، مثالی خدمات پر انہیں نشان پاکستان اور نشان امتیاز سے نوازا گیا۔

Back to top button