صدر، وزیراعظم اور افواج پاکستان کی قوم کو عید کی مبارک باد

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور افواج پاکستان نے قوم کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کا دن ہمیں قومی اتحاد کو مضبوط بنانے، آئین کی بالادستی اور قانون کی پاسداری کے عزم کو دہرانے کی یاد دلاتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ اگرچہ عید خوشیوں کا موقع ہے، لیکن ہمارے دل غزہ اور مشرقِ وسطیٰ کے متاثرہ مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات سے یہ سبق ملتا ہے کہ امت مسلمہ کو مزید اتحاد کی ضرورت ہے۔
آج ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے
دوسری جانب پاک فوج نے بھی قوم کو عید کی مبارکباد دی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کی قیادت نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے بیان میں کہا گیا کہ دعا ہے یہ عید پاکستان اور پوری امت مسلمہ کے لیے امن اور خوشحالی کا باعث بنے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ عید ہمیں اتحاد، ہمدردی اور شکرگزاری کا درس دیتی ہے، جبکہ پاک فوج کے جوان عید کے دن بھی ملک کے دفاع کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
