صدر طیب اردوان کل2روزہ دورے پر پاکستان آئینگے

ترکیہ کے صدررجب طیب اردوان کل سے پاکستان کا2 روزہ دورہ کریں گے۔
صدر رجب طیب اردوان کل 12 سے 13 فروری تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔یہ دورہ وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پرکیا جا رہا ہے۔
ترکیہ کے صدرکے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا جس میں وزراء،اعلیٰ حکام اور کارپوریٹ رہنما شامل ہونگے۔دورے کے دوران،دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی معاہدوں پر بات چیت کی جائے گی۔
صدر اردوان اور وزیر اعظم شہباز شریف پاک ترک اعلیٰ سطح سٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ سیشن کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا،اور متعدد اہم معاہدوں/ایم او یوز پر دستخط متوقع ہیں۔
واضح رہےدورے کے دوران صدر اردوان،وزیر اعظم شہباز شریف اورصدر آصف علی زرداری سے بھی دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ وہ پاکستان ترکیہ بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے بھی خطاب کرینگے،جس میں دونوں اطراف کے سرکردہ سرمایہ کاروں،کمپنیوں اورکاروباری افراد کو اکٹھا کیا جائیگا۔
ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) فیصلہ سازی کا اعلیٰ ترین فورم ہے،جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اسٹریٹجک سمت فراہم کرتا ہے۔
اب تک ایچ ایل ایس سی سی کے چھ اجلاس منعقد ہو چکے ہیں،اورآخری اجلاس 13-14 فروری 2020 کو اسلام آباد میں ہوا تھا۔
پاکستان اور ترکیہ تاریخی برادرانہ رشتہ رکھتے ہیں اور ترکیہ کے صدر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور کثیر جہتی تعاون کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
