صدرِ مملکت کا یومِ شہدائے جموں کشمیر پر پیغام: عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لے

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کا غیر قانونی قبضہ آج بھی اہلِ کشمیر کے بنیادی حقوق سلب کر رہا ہے۔
یومِ شہدائے جموں (6 نومبر) کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ 1947 کا سانحہ جموں برصغیر کی تاریخ کا ایک بدترین قتلِ عام تھا، جب ڈوگرہ فوج، آر ایس ایس اور مسلح جتھوں نے دو لاکھ سے زائد مسلمانوں کو شہید اور نصف ملین سے زیادہ افراد کو ہجرت پر مجبور کیا۔
صدر مملکت نے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی برادری نے کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی پر وہ توجہ نہیں دی جس کی وہ مستحق تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں جموں و کشمیر کی نامکمل کہانی کی یاد دہانی ہیں، اور بھارتی تسلط آج بھی کشمیریوں کی آزادی اور انسانی حقوق کے خلاف ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور 35-اے کی منسوخی بھارت کے آبادیاتی تبدیلی کے خطرناک منصوبے کا حصہ ہے، جو جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی مظالم پر خاموشی ترک کرے اور کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت میں مؤثر کردار ادا کرے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان جموں کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے اور کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، کشمیری عوام کے ساتھ انصاف، وقار اور آزادی کی جدوجہد میں ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
