وزیراعظم کاکھلاڑیوں کیلئےانعامی رقوم بڑھانےکااعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کا نام روشن کرنے والے قومی ہیروز کے لیے انعامی رقوم میں ریکارڈ اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی فیصلے کے تحت اب اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹس کو تین کروڑ روپے دیے جائیں گے، جو اس سے قبل صرف ایک کروڑ روپے تھے۔ سلور میڈل جیتنے والوں کو دو کروڑ اور برونز میڈل حاصل کرنے والوں کو ایک کروڑ روپے انعام ملے گا۔
اسی طرح، ونٹر اولمپکس، ایشین گیمز اور پیرا اولمپکس میں گولڈ میڈلسٹ کو بھی ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایشین گیمز میں سلور میڈل پر 70 لاکھ اور برونز میڈل پر 50 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔
کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑی کو 75 لاکھ جبکہ اسلامک گیمز میں گولڈ میڈلسٹ کو 50 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
برٹش جونیئر اور یو ایس اوپن جونیئر ٹائٹلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے ایک کروڑ روپے انعام رکھا گیا ہے۔
ایشین انڈور گیمز میں گولڈ میڈل پر 20 لاکھ جبکہ سیف گیمز میں گولڈ میڈلسٹ کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
یوتھ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو 50 لاکھ، جبکہ ورلڈ چیمپئن شپ کے فاتح کو 75 لاکھ روپے بطور انعام دیے جائیں گے۔
خصوصی کھلاڑیوں کو بھی اس پالیسی میں شامل کیا گیا ہے۔ اسپیشل اولمپکس، بلائنڈ اور ڈیف اسپورٹس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کے لیے بھی انعامی رقوم مختص کی گئی ہیں۔
وزیراعظم کے اس فیصلے کو کھلاڑیوں، کوچز اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، جو اسے کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دے رہے ہیں۔
