وزیراعظم کا سیلاب متاثرہ گلگت بلتستان کیلئےامدادی پیکیج کااعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مون سون بارشوں سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں حالیہ مون سون سے جانی و مالی نقصانات کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے اجلاس کے دوران کہا کہ حالیہ شدید مون سون سیزن کے باعث ملک کے مختلف حصوں، بالخصوص آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں افسوسناک واقعات رونما ہوئے، جن میں انسانی جانوں اور املاک کا نقصان ہوا۔ وفاقی حکومت اس مشکل وقت میں متاثرہ علاقوں کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لینے اور اظہارِ یکجہتی کے لیے وہ جلد گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے، اور نقصانات کے ازالے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے امدادی پیکج فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متعلقہ وفاقی ادارے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر نقصانات کا تخمینہ لگائیں، تاکہ متاثرین کو بروقت ریلیف دیا جا سکے۔
انہوں نے محکمہ موسمیات کے پیشگی انتباہی نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے پر بھی زور دیا تاکہ مستقبل میں شدید موسمی صورتحال سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ جاری امدادی سرگرمیوں میں انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے، جبکہ سڑکوں، پلوں اور دیگر ذرائع مواصلات کی فوری بحالی کے لیے مقامی اور وفاقی ادارے قریبی تعاون سے کام کریں۔

Back to top button