وزیر اعظم کاانڈر 19 ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے 1،1 کروڑ کا اعلان

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھارت کیخلاف فائنل میں کامیابی پر قومی انڈر 19 ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے1،1 کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم کی جانب سے ایشین انڈر 19چیمپئن ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ کیا گیا، شہباز شریف نے تمام کھلاڑیوں کا خود استقبال کیا۔
وزیراعظم کےہمراہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی،وفاقی وزرا اور کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے فرداً فرداً تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا، وزیراعظم نےبھارت کے خلاف بہترین کارکردگی پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ آپ لوگوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کردیا، بھارت کو بدترین شکست پر میں آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کل خود دیکھا ٹیم جس جوش و جذبے سے میدان میں لڑرہی تھی اس کی مثال نہیں ملتی، مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کو آپ پر فخر ہے۔
وزیر اعظم نے کھلاڑیوں سے کہا امیدکرتاہوں کہ آپ کارکردگی کے تسلسل کوبرقرار رکھیں گے، آپ بہت جلد انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان لائیں گے ، چیئرمین پی سی بی کو کہتا ہوں کہ تمام کھلاڑیوں کا بھرپور خیال رکھاجائے ، تمام کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولت بہم پہنچائی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آپ میں سے بہت سے کھلاڑی کل پاکستان کی قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
وزیراعظم نے سمیرمنہاس کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی اور ان کو ہیرو قرار دیا، شہباز شریف نےمحسن نقوی کو پی سی بی معاملات احسن طریقے سے چلانے پر مبارکباد دی۔
استقبالیے کے بعد کھلاڑیوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیاگیا ، وزیراعظم نے کھلاڑیوں کے ہمراہ کھانہ بھی کھایا اور فرداً فرداً گپ شپ لگائی، کھلاڑیوں نے بھرپور عزت افزائی پر بھی وزیراعظم اورعوام کا شکریہ ادا کیا۔
کھلاڑیوں کی جانب سے بہترین کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نےکہا کہ وزیراعظم نے کھلاڑیوں کے لیے ایک، ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے، مستقبل میں یہ نوجوان پلیئر ملک کا نام روشن کریں گے۔
