وزیراعظم سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے

وزیراعظم محمد شہباز شریف ملائیشیا کے2روزہ سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کا 5 سے 7 اکتوبر تک دورہ کریں گے، وہ اسلام آباد سے وفد کے ہمراہ روانہ ہوئے اور کوالالمپور پہنچے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ہیں۔
شہباز شریف ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم کی دعوت پر ورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ملائیشیاء کے وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہو گی۔
اعلامیے کے مطابق دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔
دونوں رہنما تجارت، آئی ٹی اور ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل معیشت میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر بھی غور کریں گے۔
عوام سے عوام کے روابط بڑھانے کے لئے نئے تعاون کے مواقع تلاش کرنے ہر گفتگو ہوگی۔
