وزیر اعظم کی روسی صدر کی رہائش گاہ پر حملے کی مذمت

وزیر اعظم شہباز شریف نے روس کے صدر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسے وقت میں جب امن قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، اس طرح کے حملے امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تشدد کے تمام طریقے، جو سلامتی اور امن کو خطرے میں ڈالتے ہیں، مسترد کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ روس نے نووگورود ریجن میں صدر پیوٹن کی سرکاری رہائش گاہ پر یوکرینی حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشتگردی قرار دیا ہے۔ روس نے حملے کے جواب دینے اور امن بات چیت پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بتایا کہ پیوٹن کی رہائش گاہ پر 91 لانگ رینج ڈرون داغے گئے، جنہیں مار گرایا گیا۔ روسی صدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی فون کر کے امن کے لیے امریکا کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور امن بات چیت پر نظرثانی سے آگاہ کیا۔
