وزیر اعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہاکہ عام آدمی پر بوجھ کم رکھنے کےلیے فی الحال پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جارہا۔حکومت اپنے وعدے کے مطابق مشکل حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث اس وقت عالمی معیشت دباؤ کا شکار ہے اور اس کے اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی پڑنے کا خدشہ ہے،حکومت بروقت پالیسی سازی اور مالی نظم و ضبط کے ذریعے صورت حال سے نمٹنے کی کوشش کررہی ہے، جب کہ مشکل حالات میں غریب طبقے پر بوجھ کم کرنے کےلیے اشرافیہ اور حکومت سے ہی بچت اقدامات کا آغاز کرنے کا عزم کیا گیا ہے۔
ان کاکہنا تھاکہ یہ خوش آئند بات ہےکہ وفاقی حکومت کے بچت اقدامات کے ساتھ صوبائی حکومتیں بھی تعاون کررہی ہیں۔ اللہ کے کرم اور سفارتی و معاشی ٹیم کی کاوشوں سے خام تیل کی ملکی ضروریات کےلیے مناسب مقدار دستیاب ہے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مقررہ قیمت سے زائد وصولی کی روک تھام کو یقینی بنارہی ہیں۔دعا ہےکہ عالمی حالات بہتر ہوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے۔
