وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا قوم سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان ایک طرف اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور عوام کو عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات سے بچانے کےلیے اقدامات کررہا ہے،جب کہ دوسری جانب خطے میں امن کے قیام کےلیے بھرپور سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ انہیں پیٹرول پر 95 روپے اور ڈیزل پر 203 روپے اضافے کی تجویز دی گئی جو انہوں نے مسترد کردی ہے،وفاقی حکومت نے اس ہفتے مزید 56 ارب روپے کا بوجھ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج کی تاریخ میں پیٹرول فی لیٹر 544 روپے ہونا چاہیےتھا جو حکومت آپ کو 322 روپے میں دے رہی ہے جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 790 روپے ہونی چاہیےتھی جو حکومت آپ کو 335 روپے میں فراہم کر رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میرے لیے عوام کے معاشی تحفظ کے سوا کچھ نہیں ہے دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتیں دگنی ہوچکی ہیں،حکومت نے مہنگائی کے اس طوفان کو عوام تک پہنچنے سے روک رکھا ہے۔
وزیر اعظم نے عوام پر زور دیا کہ وہ موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر کفایت شعاری کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور غیرضروری سفر سے گریز کریں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ خطے میں امن کے قیام کےلیےسفارتی محاذ پر دن رات متحرک ہیں،پاکستان دو محاذوں پر نہایت کامیابی سے کام کر رہا ہے،ہم کوشش کر رہے ہیں کہ خطہ اور دوست ممالک تباہ کن جنگ سےنجات پائیں۔
انہوں نے کہاکہ میں نے متعدد مرتبہ ایران اور خلیجی ممالک کے سربراہان سے تفصیلی گفتگو کی،پاکستان کی سفارتی کوششیں محض بین الاقوامی کوشش نہیں بلکہ مذہبی فریضہ ہے۔اسحاق ڈار پوری محنت اور خلوص نیت سے کام کر رہے ہیں، جب کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی اس عمل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
