وزیراعظم کا ایرانی سپریم لیڈرکی شہادت پراظہار افسوس

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر  آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر انتہائی افسوس ہے۔پاکستان کی عوام اور حکومت ایرانی عوام کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں۔

وزیراعظم  نے پاکستان کی طرف  سے بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی  پر اظہار تشویش  کرتے ہوئےکہا ہےکہ یہ مسلمہ اصول ہےکہ سربراہان مملکت  اور حکومت کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ  اللہ تعالیٰ ایرانی عوام کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل اور حوصلہ عطا فرمائے۔

دوسری جانب امریکی و اسرائیلی حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے باعث وزیراعظم شہباز شریف نے روس کا دورہ ملتوی کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا روس کا دورہ ملتوی ہوگیا ہے، اس دورے پر وزیراعظم کے ہمرہ اعلیٰ سطح کے وفد نے بھی ماسکو جانا تھا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے ماسکو کو بتا دیا ہے کہ ایران پر ہونے والے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں دورہ ممکن نہیں ہے۔

Back to top button