وزیراعظم کی بل گیٹس سے ملاقات، سیلاب متاثرین اور صحت میں تعاون پر گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی، جس میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے 2025 کے حالیہ سیلاب کے متاثرین کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی فراخدلانہ مالی امداد پر شکریہ ادا کیا، اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران فاؤنڈیشن کی نمایاں امدادی سرگرمیوں کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے، حفاظتی ٹیکہ جات کی فراہمی، غذائیت کی بہتری اور مالی شمولیت کے فروغ کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے کردار کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس ہدف کے حصول میں گیٹس فاؤنڈیشن کی شراکت نہایت اہم ہے۔
انہوں نے معاشی اصلاحات، کیش لیس ڈیجیٹائزیشن، اور معیشت کی بحالی سے متعلق حکومتی کوششوں کا بھی ذکر کیا اور ان شعبوں میں فاؤنڈیشن کے عملی و مثبت تعاون کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحت، غذائیت، ڈیجیٹل تبدیلی اور پاکستان کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔
