صدرمملکت سےوزیراعظم کی ملاقات،ملکی ترقی کیلئےملکرکام کرنےکاعزم

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ایوانِ صدر میں اہم ملاقات ہوئی،ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ذرائع کے مطابق صدر اور وزیراعظم کی ملاقات میں وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، محسن نقوی اور وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری حکومتی اقدامات بھی زیرِ بحث آئے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے صدرِ مملکت کو آگاہ کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے قومی مفاد میں قریبی مشاورت اور باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں قیادتوں نے اس امر پر زور دیا کہ سیاسی استحکام، پائیدار ترقی اور عوامی فلاح کے لیے تمام ریاستی اداروں اور سیاسی قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
