وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، پاک سعودی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم

وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ میں ملاقات ہوئی ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی ہمراہ ہیں۔ملاقات کےدوران ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پرزور دیا گیا اور پاک سعودی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف بدھ کو وفد کے ہمراہ 4 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے جہاں مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف کی جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی،اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی صور تحال پر بھی گفتگو کی گئی جب کہ میں پاک سعودی سرمایہ کاری اور تجارتی امور پر بات چیت ہوئی۔
وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد نے پاکستان اور سعودی عرب کےدرمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا جب کہ ملاقات میں اقتصادی،تجارتی،سرمایہ کاری،توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیاگیا اور وزیر اعظم نے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کےلیے سعودی عرب کے عزم کو سراہا جب کہ دونوں رہنماوں نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانےکے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف اور محمد بن سلمان کے درمیان علاقائی صورت حال کے ساتھ ساتھ خطے کی سیاسی منظرنامے پر بھی بات چیت کی گئی اور خطے میں استحکام اور خوش حالی کےلیے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کےلیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا اور سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کےلیے اقدامات بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔
اس کے علاوہ ملاقات میں عوام کےدرمیان روابط،ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور سمیت باہمی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔
سعودی ولی عہد سے ملاقات کےبعد سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے آج ریاض میں ملاقات ہوئی جس میں باہمی تعاون کے فروغ کےلیے تعمیری گفتگو ہوئی تجارت،سرمایہ کار ،توانائی اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
وزیر اعظم نے کہاکہ سعودی عرب کے پاکستان سے مسلسل تعاون پر ولی عہد کےمشکور ہیں،دوستانہ تعلقات اور خوش حالی کےلیے مشترکہ وژن کی بدولت باہمی تعلقات مستحکم ہو رہے ہیں،مضبوط دوطرفہ تعلقات باہمی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں جب کہ مشرق وسطیٰ اور یوکرین میں امن کےلیے سعودی عرب کا کردار قابل ستائش ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی میں سیاستدانوں کےشکوے،شکایتیں،اندرونی کہانی آگئی
واضح رہے کہ دورہ سعودی عرب میں وزیر اعظم شہباز شریف کے وفد میں وزیر خارجہ اسحٰق ڈار،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزرا بھی شامل ہیں۔
وزیر اعظم عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے اور روضہ رسولﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔