وزیراعظم کی صدر آذربائیجان سے ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے باکو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور علاقائی استحکام کےلیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
آذربائیجان کے صدارتی محل میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو یوم فتح پر مبارک باد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم فتح کی تقریب میں شرکت کی دعوت پر آذربائیجان کے صدر کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کی فتح کشمیری اور فلسطینی عوام کےلیے اُمید کی کرن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں کثیر الجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا، شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور آرمینیا کے ساتھ تاریخی امن معاہدے پر اُن کے کردار کو سراہا۔
دوسری جانب آذربائیجان کےصدر نے دورہ پاکستان کی دعوت خوش دلی سے قبول کرلی،اُنہوں نے آذربائیجان کی مسلسل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔الہام علیوف نے جنوبی ایشیا میں علاقائی استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
