وزیراعظم کا چینی کی مصنوعی قلت پرسخت ایکشن لینےکاحکم

وزیراعظم شہبازشریف نے ملک بھر میں چینی کی مصنوعی قلت اور زائد قیمت پرفروخت کرنےوالوں کیخلاف سخت ایکشن لینےکی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں چینی کی قیمتوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں چینی کی قیمتوں اور فراہمی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے واضح ہدایت دی کہ حکومت اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے درمیان طے شدہ معاہدے کے تحت ایکس مل قیمت 165 روپے اور ریٹیل قیمت 173 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، اور اس پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا معاشی استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور مقررہ نرخ سے زائد قیمت پر چینی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

اجلاس کے دوران حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ دی کہ چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور ان کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں چینی کی قیمت اس وقت 195 سے 200 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جس پر حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے ایکس مل ریٹ 165 روپے اور پرچون ریٹ 172 روپے فی کلو مقرر کر دیا ہے۔

تاہم، اس فیصلے کے باوجود اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں چینی مقررہ نرخ سے کہیں زیادہ پر فروخت ہو رہی ہے۔مارکیٹ میں چینی کی عدم دستیابی پر دکانداروں کا مؤقف ہے کہ وہ مہنگی چینی خرید کر سستی فروخت نہیں کر سکتے، جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارروائیوں کے باعث چینی کی دستیابی مزید متاثر ہوئی ہے۔

Back to top button