وزیراعظم نے صدر زرداری کے استعفیٰ اور آرمی چیف کی صدارت کی افواہیں مسترد کر دیں

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے استعفیٰ لینے یا آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی خواہش سے متعلق تمام افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور قیاس آرائیوں پر مبنی قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کبھی صدر بننے کی خواہش ظاہر نہیں کی اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیرِ غور ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صدر آصف علی زرداری، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وہ خود، تینوں کے درمیان تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور پاکستان کی ترقی و استحکام کے مشترکہ وژن پر قائم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ میڈیا کے بعض حلقوں میں صدر زرداری کے استعفے کے حوالے سے زیر گردش خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
9مئی جلاؤگھیراؤ کیس: پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت مسترد
یہ وضاحت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کے خلاف جاری مہم کو "منظم سازش” قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
محسن نقوی، جو عسکری قیادت کے قریب سمجھے جاتے ہیں، نے واضح کیا کہ انہیں بخوبی علم ہے کہ اس منظم مہم کے پیچھے کون عناصر سرگرم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ تو صدر سے استعفیٰ لینے کی کوئی بات ہوئی ہے اور نہ ہی آرمی چیف کے صدر بننے سے متعلق کوئی تجویز موجود ہے۔
