اتحادی حکومت میں مثالی اعتمادسازی کی فضاقائم ہے،وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام فیصلے اتحادیوں کی باہمی مشاورت سے کیے جاتے ہیں، اتحادی حکومت میں باہمی مثالی اعتماد سازی کی فضا خوش آئند ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور خواجہ سعد رفیق شامل تھے۔ملکی سیاسی صورتحال پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی جانب سے حکومت کے نہروں سے متعلق فیصلے پر بیان بازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کا خاصا ہے کہ تمام فیصلے اتحادیوں کی باہمی مشاورت سے کیے جاتے ہیں، اتحادی حکومت میں باہمی مثالی اعتماد سازی کی فضا خوش آئند ہے۔اتحادی حکومت ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے مکمل یکسوئی سے کام کر رہی ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی کے مثبت ثمرات براہ راست چھوٹے طبقے کو منتقل کیے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت درست سمت میں چل پڑی، آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں گے، بجلی کی قیمتوں میں کمی اتحادی حکومت کی دن رات انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم کی جنگ پاکستان تو کیا عالمی سطح پر لڑ کر آیا ہوں، عالمی دنیا کو منایا کہ ہمارے دریائے سندھ کو بچانا ہے۔
