وزیر اعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر سے رابطہ، مذاکرات کی راہ اپنانے پر زور

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور ایرانی صدر اور عوام کو عیدالفطر اور نوروز کی مبارک باد دی، وزیراعظم نے خطے کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی، سفارتکاری اور مذاکرات کی راہ اپنانے پر زور دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو عیدالفطر اور نوروز کی مبارک باد دی،جس پر ایرانی صدر نے بھی گرمجوشی سے جواب دیتے ہوئے پاکستانی عوام کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بطور ہمسایہ برادر ملک موجودہ کشیدگی کے تناظر میں ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا،انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتےہوئے زخمیوں اور متاثرین کی جلد صحتیابی کےلیے دعا بھی کی۔
اسرائیلی جوہری تنصیب کے قریب میزائل حملےکے بعد تابکاری کا ثبوت نہیں ملا : آئی اے ای اے
وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ ممالک پر زور دیا کہ کشیدگی کم کرکے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کیاجائے تاکہ مسائل کو پرامن انداز میں حل کیا جاسکے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتےہوئے کہاکہ موجودہ حالات میں باہمی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ وزیر اعظم نے ایرانی قیادت کو پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کرتےہوئے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان خطے میں امن،استحکام اور مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
