وزیراعظم کا حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے گرین سگنل

وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو بھی گرین سگنل دے دیا ہے، جبکہ حکومتی وفد اسپیکر کی درخواست پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں سے ہی مذاکرات کیے جائیں گے اور غیر منتخب نمائندوں سے بات چیت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب اسپیکر آفس کے ذرائع کے مطابق ابھی تک مذاکرات کے لیے تحریک انصاف کے کسی رہنما نے باضابطہ رابطہ نہیں کیا۔
اسپیکر آفس ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار ایاز صادق نے پارلیمانی کمیٹی بدستور برقرار رکھی ہوئی ہے اور اپوزیشن کی رضامندی کی صورت میں فوری طور پر کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق اسپیکر کی پیشکش کے باوجود تاحال اپوزیشن کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، تاہم اسپیکر نے تحریک انصاف کو اپنے چیمبر میں آنے کی دعوت دے رکھی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی اسپیکر سے آخری ملاقات محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کے حوالے سے ہوئی تھی۔
