وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ بورڈ آف پیس کے چارٹر پر دستخط کردیے

 

 

 

وزیر اعظم شہباز شریف نے غزہ میں قیام امن کےلیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قائم کردہ ’بورڈ آف پیس‘ کے چارٹر پر دستخط کردیے ہیں۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں غزہ بورڈ آف پیس معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی جہاں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سمیت دیگر ممالک نے معاہدے پر دستخط کیے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پیس بورڈ کے مسودے پر دستخط کیے۔پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، ترکیہ، مراکش، قطر، آذربائیجان، قازقستان ، ازبکستان، انڈونیشیا، اردن،ارجنٹینا، آرمینیا، بلغاریہ، پیراگوئے، ہنگری، کوسوو اور منگولیا بھی مسودے پر دستخط کرنے والے ممالک میں شامل ہیں۔

 

اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب کرتےہوئے کہاکہ غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت پر تمام ممالک کا مشکور ہوں،بورڈ آف پیس پر اقوام متحدہ سمیت دیگر ممالک کے ساتھ کام جاری رکھوں گا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھاکہ غزہ کےلیے بہت کچھ کرسکتےہیں،اس کی تعمیرِ نو کی جائے گی اور حماس غیر مسلح نہ ہوئی تواس کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے امن معاہدے کے ذریعے غزہ میں جنگ بندی کروائی جس کے بعد غزہ میں امدادی کاموں کا آغاز ہوا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ میں نے 8 جنگیں رکوائیں،پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی ملک ہیں،میں نے دونوں کے درمیان جنگ رکوائی جب کہ اس کے علاوہ بھی کئی جنگیں رکوائیں جس کے بعد دنیا مزید محفوظ ہوگئی ہے۔

 

 

Back to top button