وزیراعظم اور صدرعالمی بینک کامعاشی اصلاحات کیلئےتعاون جاری رکھنےپراتفاق

وزیراعظم محمد شہباز شریف سےاسلام آباد میں عالمی بینک گروپ کے صدر اجے پال سنگھ بنگا کی ملاقات، معاشی اصلاحات اور ترقیاتی تعاون پراتفاق کیاگیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نےاجے پال سنگھ بنگا سے ملاقات میں انہیں عالمی بینک کے صدر کی حیثیت سے پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر خوش آمدید کہا۔اجے پال سنگھ بنگا 4 روزہ اعلیٰ سطحی دورے پر پاکستان میں ہیں، جس کے دوران وہ مختلف سرکاری اور ثقافتی مقامات کا دورہ کریں گے۔
صدر عالمی بینک کادورہ یکم فروری سے شروع ہو کر 4 فروری تک جاری رہے گا۔ قیام کے دوران ان کی وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور عالمی بینک گروپ کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے ملکی ترقیاتی ترجیحات کی حمایت پر عالمی بینک کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے عالمی بینک گروپ کے دس سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کی تعریف کرتے ہوئے اسے مشترکہ ترقیاتی اقدامات کا ایک مثالی نمونہ قرار دیا اور اجے بنگا کی قیادت میں عالمی بینک کے پاکستان کے لیے مؤثر ترقیاتی شراکت دار کے طور پر کردار کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی معاشی ترقی اور اصلاحات کے لیے عالمی بینک گروپ کی نمایاں معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پائیدار معاشی استحکام کے حصول کے لیے قومی ضروریات کے مطابق ایک جامع اور کثیرالجہتی اصلاحاتی پروگرام پر پوری طرح کاربند ہے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے انفرااسٹرکچر، زرعی کاروبار، ڈیجیٹل ترقی، توانائی، انسانی وسائل، مالیاتی اصلاحات، روزگار کے مواقع کی تخلیق اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ میں عالمی بینک کی معاونت کو سراہا۔
