وزیر اعظم کا 5 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے کا اعلان
وزیر اعظم شہباز شریف کاکہنا ہے پہلےمرحلے میں 5 آئی پی پیز کےساتھ معاہدے ختم کررہے ہیں جس سے عوام کو سالانہ 60 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتےہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کاکہنا تھا کابینہ نے ٹاسک فورس کی سفارش پر5 آئی پی پیز کےساتھ معاہدے ختم کرنے کی منظوری دی ہے، معاہدے ختم کرنے سے بجلی صارفین کو60 ارب روپےسالانہ کا فائدہ ہو گا اور بجلی کے فی یونٹ نرخ میں خاطر خواہ کمی ہو گی۔
شہباز شریف کاکہنا تھا 5 آئی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے سے ملکی خزانے کو 411 ارب روپے کی بچت اور ان آئی پی پیز کو واجب الادا رقم پر سود نہیں دیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کےاعلامیے کے مطابق جن آئی پی پیز کےساتھ کیپیسٹی چارجز کے معاہدے ختم کیے گئے ہیں ان میں HUBCO, LALPIR, Saba Power, Rousch Power اور Atlas Power شامل ہیں، آئی پی پیز میں سے Rousch Power بلڈ اون آپریٹ اینڈ ٹرانسفر معاہدے کےتحت قائم کیاگیا تھا، معاہدے کی رو سے اس کی ملکیت حکومت کو منتقل کرنے کےبعد اس کی پرائیوٹائزیشن کمیشن کے ذریعے نجکاری کی جائے گی، باقی ماندہ 4 آئی پی پیز کی ملکیت ان کےمالکان کے پاس رہے گی۔
وزیراعظم کا کہناتھا حکومتی معاہدے کو ختم کرنے کے بعد حکومت کی جانب سے کسی قسم کی ادائیگی نہیں کی جائے گی جب کہ دیگر آئی پی پیز سےمعاہدوں پر بتدریج نظرثانی کرکے بجلی ٹیرف کم کریں گے۔