سہیل آفریدی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور 2 دیگر صوبائی وزرا کو اشتہاری قرار دینے کے عمل کا آغاز کردیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے مطابق سہیل آفریدی، مینا آفریدی اور شفیع اللہ کے خلاف اشتہاری قرار دینے کارروائی کی جا رہی ہے، کیونکہ متعدد بار عدالت میں طلب کیے جانے کے باوجود ملزمان پیش نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی اور دیگر افراد کے خلاف 26 نومبر 2024 کو ہونے والے احتجاج کے معاملے میں تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے۔

نومبر 2024 میں پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کیا تھا، اور اس دوران سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کی قیادت میں بڑا قافلہ خیبرپختونخوا سے اسلام آباد پہنچا تھا۔

پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے رات کے وقت آپریشن کیا تھا، جس کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ان کے درجنوں کارکنوں کو شہید کردیا گیا ہے۔

 

Back to top button